لندن: پاکستانی طالبہ قتل کیس، مجرم کو سزا سنادی گئی

Jun 23, 2023 | 20:05:PM

(24 نیوز)21 سالہ پاکستانی طالبہ حنا بشیر کو قتل کرنے پر محمد ارسلان کو سنٹرل کرمنل کورٹ لندن میں 20 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لندن کی عدالت نے پاکستانی طالبہ حنا کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد ارسلان کو 20 سال قید کی سزا سنادی۔

  اولڈ بیلی میں چلنے والے مقدمہ میں جج رچرڈ مارکس نےجج رچرڈ مارکس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ارسلان کو قتل کے جرم  میں  کم از کم 20 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں بھی مجرم کو 5 برس کی سزا بھگتنا ہوگی، دونوں سزائیں ایک ساتھ کاٹنی پڑیں گی۔

کیس کی سماعت کے دوران مجرم محمد ارسلان نے غیرارادی قتل کا جرم قبول کرلیا تھا، تاہم جیوری نے بدھ کو محمد ارسلان کے غیرارادی قتل کے مؤقف کو مسترد کرکے اسے ارادتاً قتل کا مرتکب قرار دیا تھا۔

جج نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے  کہا کہ حنا کو قتل کرنے کے بعد محمد ارسلان نے خود کو بچانے کیلئے "جھوٹ کی مہم" کا آغاز کیا، اور باڈی کو بے رحم طریقے سے ٹھکانے لگایا۔

عدالت میں حنا بشیر کے والد بشیر خان کا بیان بھی پڑھ کر سنایا گیا, جس میں انہوں نے کہا کہ "جانور بھی میری بیٹی کے ساتھ ایسا سلوک نہ کرتے، جیسا ارسلان نے وحشیانہ اور گھناؤنا سلوک کیا"، میں اپنی بیٹی سے بے حد پیار کرتا تھا۔"

واضح رہے کہ مشرقی لندن کے علاقے الفریڈ میں 21 سالہ پاکستانی لڑکی حنا بشیر کو گزشتہ برس جولائی میں قتل کیا گیا تھا، حنا بشیر کی لاش اپ منسٹر کے علاقے سے ایک بڑے سوٹ کیس سے برآمد ہوئی تھی۔

مزیدخبریں