(24نیوز)ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہو گیا تو کہیں چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے جب کہ بارشوں سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقوں سکھر ، شہدادکوٹ اور شکار پور میں بارش و آندھی سے گندم اور سرسوں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ خیرپور میں بارش کے باعث دکانوں کے سائن بورڈ اڑ گئے۔کندھکوٹ کے علاقے تنگوانی میں طوفانی بارش سے گھرکی چھت گر گئی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا جب کہ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔
پنجاب کے علاقوں فیصل آباد، ملتان، جھنگ،گجرات، رحیم یار خان، حافظ آباد، بہاولنگر، راجن پور، میانوالی،کمالیہ، لودھراں، بہاولپور، میاں چنوں، کبیر والا، چیچہ وطنی، جہانیاں، ڈیرہ غازی خان اور خانیوال میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، بارش کے باعث میپکو ریجن کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لودھراں کے علاقے رفیق بخاری دربار اور واپڈا آفس کے قریب 2 مکانات کی چھتیں گرگئیں جس کے باعث خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ملتان کے علاقے راجہ رام اور خانیوال روڈ پربارش کے باعث مکانات کے چھتیں گرگئیں جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے جب کہ چنیوٹ میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق 8 افراد زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں شاہراہ قراقرم پر موسلادھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔