(24 نیوز)فرانس میں مرغی کو حلال طریقے سے ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔فرانس میں موجود مسلم برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کر دیا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق فرانس کی حکومت نے ملک میں مرغی کو حلال طریقے سے ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق جولائی 2021 سے ہوگا جبکہ رمضان سے قبل پابندی لگانے پر مسلم رہنماؤں نے شدید تنقید کی ہے۔فرانس کے مختلف شہروں میں قائم مساجد کے ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس کی وزارت زراعت اور خوراک کی جانب سے مرغیوں کے ذبح پر پابندی کے فیصلے سے ملک میں موجود مسلمانوں کے لیے منفی تاثر ابھرے گا تاہم متعلقہ وزارت کو فیصلے پر خدشات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب مرغیوں کو حلال کرنے پر پابندی عائد کئے جانے کے فیصلے پر فرانس میں موجود مسلم برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی پابندیاں مذہبی تعلیمات پر آزادی کے ساتھ عمل کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔