(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں مختلف سوچ رکھنے والی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے اکٹھی ہوئیں، یہ اپنی جائیدادیں بچانے کیلئے برسر پیکار ہیں، سیاست کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں پورا ملک جانتا ہے یہ کیا تھا اور کیا بن گئے، سوالات کے جواب دینے کے بجائے لشکر کشی کرتے ہیں، براڈ شیٹ کی فائل وزیراعظم تک پہنچا دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا، جیلیں چھوٹے چھوٹے مجرموں سے بھری پڑی ہیں۔ آج کرپشن کو کوئی کرپشن نہیں سمجھتا، بڑا چور سیاسی انتقام اور جمہوریت کے پیچھے چھپتا ہے، قانون پر عملدرآمد کرنیوالوں کو حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی شخص محفوظ نہیں۔پاکستان کسی ایک خاندان کیلئے نہیں بنا تھا۔
سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے معاشی ناہمواری کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے، اڑھائی سال کے عرصے میں ملک کو درست سمت پر گامزن کیا، ملک کی بقا کیلئے افواج پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایسے پاکستان کیلئے کوشاں ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہو، ملک میں قانون کی عملداری نہ ہونے کے برابر ہے۔ہم نے اس عزم کو دہرانا ہے جس کے لیے ملک بنا تھا، ایسا ملک نہ ہو جس میں لوگ قانون کا مذاق اڑائیں، طاقتور اور اشرافیہ کو قانون کے تابع لائیں گے، قانونی کی حکمرانی ہوگی تو سب محفوظ ہوں گے۔