(24نیوز)براڈ شیٹ سکینڈل کی انکوائری رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم نے رپورٹ عمران خان کو پیش کی جس کے بعد وزیراعظم نے رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ کابینہ جائزہ لے کر رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے گی۔رپورٹ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں غلط شخص کو کی گئی ادائیگی کو ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔رپورٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جاسکتا، براڈشیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملیں۔مشرف دور میں نیب نے بیرون ملک اثاثوں کی کھوج کے لئے براڈشیٹ سے معاہدہ کیا تھا۔