رمضان میں فالج کے امکانات کم کیوں ہو جاتے ہیں؟ ماہرین نے بتا دیا

Mar 23, 2022 | 21:52:PM

(ویب ڈیسک) روزے کے طبی فوائد میں سب سے اہم یہ ہے کہ روزے دار مختلف بیماریوں سے دور رہتا ہے۔ کم کھانا اور کم سونا اس کے اندر رمضان کے علاوہ باقی مہینوں کے حوالے سے اہم تبدیلی پیدا کرتا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق رمضان میں دیگر مہینوں کی نسبت فالج کے کیسز کم ہو جاتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ اکثر لوگوں کا تمباکو نوشی سے گریز، بہتر بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول اور روزہ رکھنے کے نتیجے میں کولیسٹرول کا کم ہونا ہے۔
اس بات کا انکشاف آغا خان یونیورسٹی سے وابستہ معروف نیورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع نے کراچی میں جاری آٹھویں بین الاقوامی ڈائبیٹیز اینڈ رمضان کانفرنس 2022 کے دوسرے روز سائنٹیفک سیشن سے خطاب میں کیا۔
دو روزہ بین الاقوامی ڈائبیٹیز اینڈ رمضان کانفرنس بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈائیبیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی اور ڈائبیٹیز اینڈ رمضان انٹرنیشنل لائسنس کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔
 کانفرنس سے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین صحت بشمول پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر طاہر حسین، پروفیسر سعید مہر، ڈاکٹر زاہد میاں، ڈاکٹر سیف الحق، پروفیسر زمان شیخ، ڈاکٹر بلال جمیل، ڈاکٹر مسرت ریاض، مفتی نجیب خان، ڈائبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر عبد الباسط، پروفیسر یعقوب احمدانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
معروف نیورولوجسٹ پروفیسر محمد واسع نے بتایا کہ رمضان کے روزے رکھنے کے ذہنی اور اعصابی صحت کیلئے بے شمار فوائد ہیں، روزے رکھنے سے گھبراہٹ، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی بیماریوں میں کمی واقع ہوتی ہے، ادویات کے ساتھ ساتھ روزے رکھنے سے شیزوفرینیا کے مرض میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔
کانفرنس سے خطاب میں گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر بلال جمیل کا کہنا تھا کہ گردوں کی بیماری کا شکار ایسے مریض جنہیں دل کی بیماری بھی لاحق ہو، انہیں روزے رکھنے سے گریز کرنا چاہیے، لیکن صرف گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے روزے رکھ سکتے ہیں۔
معروف فزیشن پروفیسر ڈاکٹر طاہر حسین کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران مختلف سائنٹیفک سیشنز میں پیش کیے گئے مقالوں سے ثابت ہوا ہے کہ دل، گردوں، ذیابطیس، بلڈ پریشر کی بیماریوں میں مبتلا افراد اور کسی حد تک حاملہ خواتین بھی روزے رکھ سکتی ہیں، لیکن ایسے مریضوں کو رمضان کا مہینہ شروع ہونے سے پہلے اپنے معالجین سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔
معروف ماہر امراض ذیابطیس ڈاکٹر مسرت ریاض کا کہنا تھا کہ شریعت کے مطابق ایسی حاملہ خواتین جنہیں روزہ رکھنے کے نتیجے میں اپنی صحت یا اپنے ہونے والے بچے کو کسی طرح کا ضرر پہنچنے کا اندیشہ ہو، انہیں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے لیکن چونکہ اکثر حاملہ خواتین روزہ رکھنے پر اصرار کرتی ہیں، اس لیے انہیں اپنی گائناکالوجسٹ اور ماہر امراض ذیابطیس سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:  وعدے پورے کرینگے ،اس وقت حکومت نہ چھوڑیں ، حکومت کی ایم کیو ایم سے درخواست

مزیدخبریں