آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات ۔ دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

Mar 23, 2022 | 22:53:PM

 (24نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے معاملات سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ 
بدھ کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ، آرمی چیف نے او آئی سی وزراءخارجہ کانفرنس کو افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنا بہت اہم ہے، عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی کے ذریعہ موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ چیلنجز خطے کے امن اور استحکام کے لئے بہت اہم ہیں، چینی وزیرخارجہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر سطح پر پاکستان سے سفارتی تعاون کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا اظہار کیا۔
چینی وزیرخارجہ نے او آئی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دنیا کو علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں تسلیم کرنا چاہئے، چینی وزیرخارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور سی پیک کو فراہم کردہ سیکیورٹی کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں۔تحریک عدم اعتماد۔آئین کے مطابق کارروائی چلاؤں گا۔سپیکراسد قیصر

مزیدخبریں