صدر مملکت، وزیراعظم کا یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کر دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم پاکستان پر پوری قوم بانیانِ پاکستان کو خراج ِتحسین پیش کرتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم ثبوت ہے کہ مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، یوم پاکستان بحیثیت قوم ہمیں کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی کے وقت ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان نے جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، پاکستانی قوم نے قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے پیغام میں کہا کہ ہمیں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا، معاشرے میں عدم مساوات کم کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، خصوصی افراد کے حقوق کی فراہمی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مزید کام کرنا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا، ماضی کی کامیابیوں کے پیشِ نظر یقین ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا اور اس کا مستقبل آئین کی اس کی روح اور اس کی روح کے مطابق چلنے میں مضمر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مقدر عظیم بلندیاں حاصل کرنا ہے، اس کو حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا اور اپنے آباؤ اجداد کی وراثت کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام یقیناً 20 ویں صدی کا معجزہ تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے رکن کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے قیام میں ایک ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا ہے۔