وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی اور یادگار لمحہ تھا جب قرارداد پاکستان منظور ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم پاکستان پر خصوصی پیغام میں کہا کہ 83 برس قبل آج کے ہی دن لاہور کے تاریخی منٹو پارک میں ہزاروں لوگ قائد اعظمؒ کی قیادت میں عزم آزادی کے ساتھ جمع ہوئے، یوم پاکستان برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں اورلازوال جدوجہد کو یاد کرنے کا لمحہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ دن ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے تاریخی جدوجہد، بے پناہ قربانیوں اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے، قرارداد پاکستان نے مسلمانوں کو ایک مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے متحد کیا، آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاتعداد لوگوں نے اپنا خون دیا اور لاکھوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں ایک شناخت دلانے کے لیے غیر معمولی قربانیاں دیں، بانیان پاکستان کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے فرمودات کی روشنی میں قومی مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے اور مشکل حالات میں کندن بن کر نکلی ہے، پاکستان ہماری پہچان ہے، ہم اپنے عظیم ثقافتی ورثے اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، آج پاکستان سے غیر متزلزل محبت اور وفا کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔