پی ٹی آئی ملک میں حقیقی آزادی کا جھوٹا بیانیہ پھیلا رہی ہے، حسین حقانی

Mar 23, 2023 | 13:27:PM

(24 نیوز) سابق سفیر حسین حقانی نے لابنگ فرم سے متعلق معاملے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک بیان میں حسین حقانی نے کہا کہ اندرون ملک بیانیہ ہے کہ امریکا سے حقیقی آزادی چاہیئے، اُدھر امریکا میں لابسٹوں کو ڈالروں میں ادائیگیاں جاری ہیں۔

حسین حقانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پی ٹی آئی نے امریکا میں ایک اور لابسٹ ہائر کرلیا۔

خیال رہے کہ  پی ٹی آئی کی طرف سے امریکا میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

پی ٹی آئی نے 6 ماہ کیلئے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پر لابنگ فرم فینٹن آرلوک کی خدمات حاصل کیں اور معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ کمپنی آرٹیکلز چھپوانے، پی ٹی آئی نمائندوں اور حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوز کا اہتمام بھی کرے گی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال پی ٹی آئی اور لابنگ کمپنی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات منظر عام پر لے آئے۔

احسن اقبال نے ٹوئٹر پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی، عمران خان نے قوم میں امریکا کے خلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے اور عمران خان امریکا سے ترلے اور معافی پراتر آیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے ایلچی بھیجے اور پھر سفیر سے خود منت سماجت کی، اب لابسٹ رکھ کے معافی تلافی پر کام ہو رہا ہے، اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں؟ کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔

اس حوالے سے ٹوئٹر پر بھی #AmericanStoogeIK ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

مزیدخبریں