بدترین مہنگائی،عوام کی قوت خرید جواب دے گئی،بازار سنسان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بدترین مہنگائی،عوام کی قوت خرید جواب دے گئی،بازار سنسان ہوگئے، ملک بھر کے عوام رمضان کا استقبال کر رہے ہیں جنہیں محدود قوت خرید کے سبب خاص طور پر کھانے پینے کی اشیا کی خریداری کو محدود کرنا پڑے گا۔
انگریز ی اخبار کی رپورٹ کے مطابق محدود آمدنی یا گزشتہ 4 برسوں سے تنخواہوں میں کٹوتیاں برداشت کرنے والے گھرانوں کے لیے یہ مہینہ سخت ہوگا کیونکہ آسمان کو چھوتی قیمتوں کے سبب رمضان میں اشیائے خورونوش کے اخراجات کو پورا کرنا ناممکن ہو جائے گا۔معاشی بحران کی وجہ سے جن گھرانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے انہیں افطاری اور سحری کا انتظام کرنے میں شدید چیلنج درپیش ہو گا اور انہیں اپنے رشتہ داروں سے قرض لے کر یا فلاحی تنظیموں سے مدد مانگ کر اپنی عزت نفس کا سمجھوتہ کرنا پڑے گا۔
ضرور پڑھیں :سود کی ادائیگی ،پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
قیمتوں کے حساس اشاریے (ایس پی آئی) کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اپریل 2022 میں رمضان کے پہلے ہفتے اور رواں برس رمضان سے ایک روز پہلے کی قیمتوں کے موازنے سے معلوم ہوتا ہے کہ صارفین خاص طور پر اوسط معیار کے گندم کے آٹے کی خریداری میں پریشانی کا شکار رہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک ہزار 295 سے 3 ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ رمضان میں آٹے کا فی کلو تھیلا 800 سے 1500 روپے کا تھا، برانڈڈ باریک آٹے کے 5 اور 10 کلو کے تھیلے اب بالترتیب 820 سے 870 اور 1600 روپے میں دستیاب ہیں، جوکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 80 سے 90 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ برس آٹا نمبر 2.5 مارکیٹ میں 65 سے 67 روپے فی کلو اور فائن آٹا 70 سے 75 روپے فی کلو میں دستیاب تھا جبکہ رواں سال آٹا نمبر 2.5 کی ریٹیل قیمت 140 روپے فی کلو اور فائن آٹے کی قیمت 150 سے 160 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
پیاز کی قیمت 100 سے 200 روپے فی کلو ہوچکی گزشتہ رمضان میں 40 سے 80 روپے فی کلو تھی،مختلف شہروں میں تازہ دودھ کی قیمتیں اب 120 سے 210 روپے فی لیٹر کے درمیان ہیں جوکہ گزشتہ برس 90 سے 150 روپے فی کلو تھی،کہیں کہیں دودھ 150 روپے سے 170 روپے کلو مل رہا ہے، ایک کلو زندہ فارمی مرغی کا ریٹ 360 سے 550 روپے فی کلو ہے جوکہ گزشتہ برس 240 سے 350 روپے کے درمیان تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہونے لگی
مٹن کا گوشت اب 1050 سے 1500 روپے فی کلو اور گائے کا گوشت 350 سے 750 روپے فی کلو ہے جبکہ گزشتہ برس مٹن کا گوشت 1100 سے 1800 فی کلو گائے کا گوشت 500 سے 900 روپے فی کلو میں دستیاب تھا،آلو کا ریٹ 25 سے 60 روپے فی کلو سے بڑھ کر 40 سے 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، چینی کی قیمت 83 سے 95 روپے فی کلو سے بڑھ کر 100 سے 110 روپے فی کلو ہوگئی۔
گزشتہ سال کی نسبت اس وقت تمام کی تمام چیزیں مہنگی ہوچکی ہیں ،عوام رمضان میں خریداری کر بھی لیتے ہیں تو ان کیلئے عیدمنانا مشکل ہوجائے گا،عیدالفطر پر تو ان کیلئے خریداری ناممکن ہوجائے گی ۔