(24نیوز) یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں پاکستان پاک فضائیہ کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی جانب سے یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ جاری ہے۔ مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔
صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا۔
مزید پڑھیں: برطانوی شہزادی نے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی
آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔
پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہیں جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی پریڈ کی تقریب میں شریک ہیں، تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تمام سروسز کے سربراہان، وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی اور غیر ملکی سفرا بھی موجود ہیں۔