روس: کراکس سٹی ہال حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 133 ہو گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) روس کے دارالحکومت ماسکو کے کراکس سٹی ہال پر میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 133ہو گئی ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حملے میں 140سے زائد افراد زخمی ہیں اور اس حملے کی ذمے داری عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ رات 8 بجے کے قریب پیش آیا جب خودکار اسلحے سے لیس کم از کم 3 حملہ آوروں نے سٹی ہال میں گھس کر فائرنگ اور دھماکا کیا۔ دھماکے سے کنسرٹ ہال میں آگ لگنے اور چھت گرنے سے لوگ دب گئے۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز اور سیکیورٹی اہلکار متاثرین کو عمارت سے باہر نکالنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حملے کے وقت عمارت میں 6000 سے زائد افراد موجود تھے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق دہشتگردی کے بعد ماسکو سمیت مختلف علاقوں میں تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: کیٹ مڈلٹن کینسر میں مبتلا، بادشاہ چارلس کا ردعمل بھی سامنے آگیا
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا کا کہنا ہے کہ اس دہشتگردی میں جو بھی ملوث ہو، اقوام متحدہ، اسکا سیکریٹریٹ، سیکریٹری جنرل اور تمام رکن ممالک پر لازم ہے کہ وہ اس خونی دہشتگردی کی غیرمشروط مذمت کریں۔
زخاروا نے کہا کہ یو این سیکریٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے جاری اس بیان نے کئی سوالات اٹھائے ہیں کہ جس میں فائرنگ کے واقعہ پر صرف افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
دہشتگردی میں یوکرین کے ملوث نہ ہونے سے متعلق امریکی ردعمل پر بھی انہوں نے تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سانحہ جاری ہونے کے دوران آخر کس بنیاد پر واشنگٹن نے یہ نتیجہ اخذ کرلیا کہ کوئی اور اس میں ملوث ہے۔
یورپی میڈیا کے مطابق 7 مارچ کو ماسکو میں واقع امریکی سفارت خانے نے انتہا پسندوں کی جانب سے ماسکو میں کسی بڑے مجمع پر حملے کا سیکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا۔