ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، ایوان صدر میں شاندار پریڈ

Mar 23, 2025 | 08:58:AM
ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، ایوان صدر میں شاندار پریڈ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24   نیوز )  ملک بھر میں’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضا پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

 یومِ پاکستان کی مرکزی پریڈ ایوان صدر میں ہوئی ، ایف 16، جے ایف 17تھنڈر، جے 10 سی اور میراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

تینوں مسلح افواج کے دستے یوم پاکستان کی پریڈ کا حصہ تھے ، پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے ، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سروسز چیفس بھی شریک ہوئے۔

صدر مملکت آصف زرداری روایتی بگھی میں تقریب میں آئے ، صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا ، صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی

یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

تقریب میں سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے، جبکہ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمان خصوصی تھے، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے پریڈ کا معائنہ کیا، ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔

مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے و فاتحہ خوانی کی اور مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔