امریکہ نےافغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی گرفتاری پر انعام ختم کردیا

Mar 23, 2025 | 20:42:PM
امریکہ نےافغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی گرفتاری پر انعام ختم کردیا
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) امریکہ نے افغان طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور تحریک کے دیگر عہدیداروں کے سر پر رکھے گئے انعامات کو منسوخ کر دیا۔

"ریوارڈز فار جسٹس" ویب سائٹ کے مطابق امریکہ نے سراج الدین حقانی کے نام حذف کر دیئے، سراج الدین کی گرفتاری پر 10 ملین ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا۔ یحییٰ اور عبد العزیز حقانی کی گرفتاری کرانے پر انعام 50 لاکھ ڈالر تھا، اسے بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

حقانی کے قریبی ذرائع نے العربیہ چینل کو حقانی اور دو دیگر رہنماؤں سے انعامات ہٹانے کے بارے میں معلومات کے درست ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ان تین رہنماؤں کی گرفتاری پر انعامات کا خاتمہ امریکی زیر حراست جارج گلیزمین کی رہائی کے بدلے عمل میں آیا۔

جمعرات کے روز طالبان نے یرغمالی امور کے لیے امریکی ایلچی ایڈم بوہلر اور کابل میں طالبان حکام کے درمیان بات چیت کے بعد دو سال سے زیادہ عرصے سے افغانستان میں قید امریکی شہری کو رہا کر دیا تھا۔

گلیزمین کو 2022 میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ بطور سیاح کابل گئے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے گلیزمین کی رہائی کی تصدیق کی تھی۔

جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جمعرات کو کابل میں ہونے والی بات چیت امریکہ اور طالبان کے درمیان اعلیٰ سطح کی پہلی براہ راست ملاقات تھی۔

یہ بھی پڑھیں :استنبول کے میئر کی گرفتاری پر عوام کا شدید احتجاج