اسرائیلی جنگی جرائم کا معاملہ بین الاقوامی عدالت میں لے کر جائیں گے،فلسطینی وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے غزہ پٹی میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی کامیابی کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی حکومت اسرائیل کی جانب سے بچوں اور خواتین کے خلاف مرتکب جرائم کا معاملہ بین الاقوامی عدالت میں لے کر جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے شہریوں کے لئے اسرائیلی بمباری کے 11 روز کسی قیامت سے کم نہیں تھے۔ اس دوران درجنوں بچے، عورتیں اور بوڑھے شہید ہوئے اور ہزاروں زخمی ہو گئے۔غزہ پٹی میں تنصیبات، عمارتوں اور رہائشی ٹاوروں کو شدید نقصان پہنچا۔ درجنوں گھر اس طرح زمین بوس ہوئے کہ اس میں رہنے والے مکین ملبے تلے دب گئے۔ اس حوالے سےفلسطینی وزیر اعظم نے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فلسطینی صدر کی جانب سے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست پر مثبت جواب دیا۔ فلسطینی وزیر اعظم نے برادر اور دوست ممالک کے مندوبین کی تقاریر کو سراہا جنہوں نے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے مرتکب جنگی جرائم کو مسترد کر دیا۔ ان ممالک نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا سیاسی حل بین الاقوامی قانونی قرار دادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔ بالخصوص برادر ملک مصر کی جانب سے اسرائیلی جارحیت رکوانے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔محمد اشتیہ نے باور کرایا کہ فلسطینی حکومت بچوں اور خواتین کے خلاف مرتکب مذکورہ جرائم کا معاملہ بین الاقوامی عدالت میں لے کر جائے گی۔ فلسطینی وزیر اعظم کے مطابق بین الاقوامی عدالت اس سے پہلے بھی غزہ پٹی میں سابقہ تین جنگوں کے دوران اسرائیل کی جانب سے ہمارے لوگوں کے خلاف مرتکب جرائم کی تحقیقات کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان بٹ نے بھارتی سپنر کلدیپ یادو کو کیا مشورہ دیدیا۔۔۔ جانئے