نواز شریف کے جھانسے میں آگئے تھے۔اب ایسا نہیں ہو گا۔۔ شہباز شریف کو جانے نہیں دینگے۔۔ شہباز گل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کے جھوٹ اور مکر سے ڈسے گئے ہیں، اب ایسا نہیں ہو گا، اب شہباز شریف نہیں جاسکیں گے، احتساب کرانا ہو گا، اب شہباز شریف کا علاج پاکستان کے ہسپتالوں میں ہوگا ۔
اتوار کومیڈیا سے گفتگو میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ماسک لگا کر آئے تھے اور اب راتوں رات بھاگنا چاہتے ہیں، نواز شریف کو خطرہ ہے تو پاکستان واپس آئیں، جیل میں بہت سکیورٹی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ان لوگوں نے عمران خان کو سکون سے حکومت نہیں کرنے دی، اب وقت قریب آ گیا ہے کہ نواز شریف کو ڈی پورٹ کرایا جائے ۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ حکومت ابھی چلی جائے، عمران خان کو ذرا بھی پروا نہیں، کرسی پر جب تک بیٹھے ہیں عوام کی خدمت کریں گے۔شہباز گِل نے کہا کہ پاکستان میں کچھ لے اور دے کے مطابق حکومت کی جاتی ہے، عمران خان پہلے دن سے سمجھوتہ کرتے تو حکومت بہت اچھی چلتی، عمران خان احتساب کی بات نہ کریں، این آر او دے دیں، تو سب خوش ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج 4 سال کا ریکارڈ توڑ کر اوپر گئی ہے، برآمدات 13 فیصد تک بڑھ گئی ہیں اور پاور لومز انڈسٹری لگ رہی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ایک پیسہ بچایا ہے، اخراجات کم کئے ہیں، عمران خان نے ہمیشہ اوورسیز کا احساس کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موٹر سائیکلیں اور کاریں زیادہ فروخت ہو رہی ہیں، کسان کو فصلوں کا پورا پیسہ ملا، کسانوں نے زیادہ ٹریکٹر خریدے ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ دنیا بھر میں چینی کی قیمت میں 56 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان میں 18 فیصد اضافہ ہوا، دنیا میں خوردنی تیل کی قیمت 76 فیصد بڑھی، پاکستان میں 18 فیصد اضافہ ہوا، سوائے چینی کے تمام چیزوں کی قیمیں کم ہوئی ہیں، چینی مافیا پر ہاتھ ڈالا اور 160 روپے فی کلو تک جانے سے روک دیا۔
انہوں نے کہاکہ دیگر ممالک کی بجائے پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں کم بڑھیں، دیگر ممالک میں 178 فیصد مہنگائی ہوئی، پاکستان میں 45 فیصد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت نکل چکا ہے، ثمرات عوام تک جلد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔مہنگائی کا خاتمہ اولین ترجیح ۔۔بجٹ میں نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے: شوکت ترین