شاہ محمود قریشی کی خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی اورسینیٹر وان ہولین سے ملاقاتیں

May 23, 2021 | 20:24:PM

 (24نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ سے متعلق اپنی مصروفیات کے دوران کانگریس کے پاکستان کاکس کی چیئرپرسن اور کانگریس کی خاتون رکن شیلا جیکسن لی اور سینیٹر وان ہولین سے ملاقاتیں کیں۔
 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شیلا جیکسن لی سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو ہمیشہ بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔
 امریکی سیاسی نظام میں کانگریس کو ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے امریکی کانگریس کے اندر کردار ادا کرنے پر کانگریس کاکس کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر خارجہ نے کاکس کی چیئرپرسن کوسماجی واقتصادی اور انسانی ترقی کے لئے حکومت پاکستان کی سوچ اور افغانستان میں امن کی خاطر سہولت کاری کے علاوہ علاقائی امن وخوش حالی کے لئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔
 انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی اور پارلیمانی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں کاکس کی چیئرپرسن اور دیگر ارکان سے کردار ادا کرنے پر اصرار کیا۔ 
خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے حالات سے متعلق آگاہی دینے پر وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکی برادری کی کاوشوں کا بھی اعتراف کیا۔ 
 دریں اثناوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹر وان ہولین سے بھی ملاقات کی ۔اس ملاقات میں افغانستان اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈیموکریٹک سینیٹر کرس وان ہولین سے گفتگو کی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے،معاشی ترقی اور رابطے استوار کرنے پر حکومت کی مرکوز توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے امریکہ کے ساتھ قریبی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کے فروغ کی خواہش پر زور دیا۔ 
وزیر خارجہ نے (افغانستان اور پاکستان کے کچھ حصوں میں) معاشی وتجارتی ترغیبات سے متعلق مواقع کی فراہمی کے مقامات کی تعمیر نو کی قانون سازی متعارف کرانے پر سینیٹر کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ اس اقدام سے خطے میں طویل المدتی پائیدار امن کو فروغ حاصل ہوگا۔ سینیٹر وان ہولین نے افغان امن عمل کی حمایت پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا جبکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بھرپور معاشی روابط کی شدید ضرورت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ اور سینیٹر وان ہولین نے پارلیمانی روابط اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف امور پر دوطرفہ تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت پر بات چیت کی۔ 
 یہ بھی پڑھیں۔الگ انداز کی اداکارہ انویشی جین کی تازہ تصاویر وائرل

مزیدخبریں