آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، عثمان بزدار کو عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کا معاملہ، احتساب عدالت لاہور نے عثمان بزدار کو عدالت میں پیش ہونےکا آخری موقع دے دیا۔
سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی عبوری ضمانت پر سماعت احتساب عدالت کے جج سجاد احمد شیخ نے کی لیکن عثمان بزدار آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کیس: احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کر لی
عثمان بزدار کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور مؤقف اپنایا کہ عثمان بزدار کو سینے میں درد کی شکایت ہے۔جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ کی درخواست حاضری معافی یہاں پڑی ہے، عثمان بزدار کو دو تین گھنٹوں میں پیش کرو ورنہ عبوری ضمانت خارج کر دو گا۔ فاضل جج کے ریمارکس کے بعد وکیل عثمان بزدار نے بتایا کہ جوابات نیب آفس میں جمع کرا دیئے ہیں۔
فاضل جج کے ریمارکس اور عثمان بزدار کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ عثمان بزدار نے سال 2000 سے 2017 تک بنائی گئی جائیداد سے متعلق سوالات کے جواب نہیں دیے، عثمان بزدار نے صرف سال 2018 سے 2022 تک بنائی گئی جائیداد کے جواب دیئے، ملزم عثمان بزدار وزیرِاعلیٰ بننے سے پہلے تحصیل ناظم بھی رہے اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع
فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ عثمان بزدار کو عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع دے رہا ہوں۔ بعد میں احتساب عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 25 مئی تک کی توسیع کر دی۔