عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے، الیکشن کمیشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت پرعمران خان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نیب اور احتساب عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے پیش ہو رہے ہیں۔
ممبر کے پی نے کہا کہ عمران خان اپنی مرضی سے آج پیش ہو رہے ہیں، عمران خان کل عدالت میں پیش ہوکر آج یہاں آ جاتے۔ جس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ آپ بھی پہلے جج رہے ہیں عدالتوں کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ آج اعتراضات پر سماعت ہوسکتی تھی، انور منصور سپریم کورٹ میں ہیں، گزشتہ سماعت کا حکم نامہ ہمیں آج تک نہیں ملا، حکم نامہ پڑھے بغیر کیس کی تیاری کیسے کرسکتے ہیں؟
ممبر کے پی نے کہا آج عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا عدم پیشی پر آپکو پتا ہے کیا ہوگا۔ جس پر فیصل چوہدری کا کہنا تھا عمران خان دو ٹکڑوں میں بیک وقت عدالت اور کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتےہیں۔
عمران خان کیخلاف 150 مقدمات ہیں وہ کہاں کہاں پیش ہوسکتے ہیں۔ ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ جان بوجھ کر عمران خان پیش نہیں ہوتے یہ بات ذہن سے نکال دیں چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کی دہشتگردی کے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
ممبر بلوچستان نے کہا کہ عمران خان پر مقدمات قائم ہونے سے پہلے بھی وہ پیش نہیں ہوتے تھے۔ جس پر ممبر کے پی نے کہا کہ میرا یہی فیصلہ ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔ ہمیں یقین ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے۔
فیصل چوہدری نے کہا انور منصور ہر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں آج سپریم کورٹ نے بلایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل خود بھی عدالتوں میں تاریخیں لے رہے ہیں۔ پانچ جون کو سماعت رکھ لیں تو اعتراضات پر دلائل دینگے۔
ممبر کے پی کا کہنا تھا کہ وقت بھی بتا دیں کیونکہ اب عدالتیں بھی عمران خان کی مرضی سے لگتی ہیں، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر عمران خان ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کردیا کہ عمران خان کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔