فیاض الحسن چوہان کا پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

May 23, 2023 | 18:37:PM

(24 نیوز) فیاض الحسن چوہان نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اب پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اداروں سے ٹکرانا سیاستدانوں کا کام نہیں ہوتا، 9 مئی کوعوام کی طرح میں بھی دکھی ہوا، پچھلے ایک سال سے پارٹی میں کھڈے لائن تھا، میرے سوا کسی نے عمران خان کو نہیں بتایا کہ سیاست میں تشدد نہیں ہوتا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ تمام رہنما گواہی دیں گے کہ میں نے عمران خان کو سمجھایا تھا، مجھ پر بنی گالہ میں داخلے پر پابندی لگائی گئی، عمران خان کو مشورہ دیا تشدد کی سیاست اور اداروں سے ٹکراؤ کی سیاست چھوڑ دیں، سیاست میں انتہا پسندی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے عمران خان کو جو پیغام بھجوایا اس کے بعد مجھ پر کراس لگ گیا، عمران خان اپنی حکمت عملی اور ارگرد موجود لوگوں کو چھوڑ دیں، ایک سال کے دوران کور کمیٹی کے 10 اجلاسوں میں بلایا نہیں گیا، خان صاحب کو شیریں مزاری اور دیگر لوگ یاد آئے، میں یاد نہیں آیا۔

 فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مسرت چیمہ، فواد چودھری اور شہبازگل میرے خلاف کان بھرتے رہے، ٹکٹ کے انٹرویو میں عمران خان نے کہا آپ فوج فوج بہت کرتے ہیں، خان صاحب کے کہنے پر چودھری سرور کے خلاف پریس کانفرنس کی، خان صاحب نے ہمیں عامر کیانی کا مزارع بنا کر رکھا ہوا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ساڑھے تین مہینوں میں نے 36 پریس کانفرنس کی تھیں، حکومت بنتے ہی سارے درباری وزیر اور فیاض الحسن چوہان آؤٹ، چوہدری صاحب نے میری عزت رکھی اور مجھے اپنا ترجمان بنایا، جن کو وزیر بنایا گیا وہ گورنر ہاؤس میں عثمان بزدار کی حکومت گرانے میں ملوث رہے، زوم میٹنگز میں خان صاحب کہتے تھے کہ فوج کے خلاف یہ بولو، وہ بولو لیکن مجھے بولنے نہیں دیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عامر کیانی نے پنڈی کے بچے بچے کو بتا دیا کہ چوہان کو ٹکٹ نہیں مل رہا، خان صاحب نے عامر کیانی کی ڈیوٹی لگائی ہوئی تھی کہ لوگوں کو بتاؤ ٹکٹ نہیں مل رہا، زوم میٹنگز میں باقاعدہ فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی ترغیب دی جاتی تھی، یؤم مزدور پر ریلی کے حوالے سے کہا گیا کہ آپ نے صدر جانا ہے، میں نے بشارت راجہ کو اعتماد میں لے کر علامہ اقبال پارک ریلی رکھی، ہم پر اس حوالے سے ناراضگی کی گئی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 6 مئی کو ریلی رکھی لیکن ہم نے مریڑ چوک سے پہلے ریلی ختم کی، زوم میٹنگز میں ٹکا کر بے عزتی کی گئی، 9 مئی کو جو ہوا آپ سب کو معلوم ہے، میں پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں، گج وج کر سیاست کرتے رہوں گا۔

مزیدخبریں