عدت نکاح کیس،اپیلوں پروکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ

May 23, 2024 | 11:51:AM

(حاشر احسن )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف  عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت  کی ،وکلاء کے دلائل کے بعدکیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو 29 مئی کو سنایاجائے گا۔ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے ۔عدالت نے معاون وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مستردکردی۔

سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ راجا رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی صاحب نے دلائل دینے ہیں، ریکارڈ ان کے پاس موجود نہیں ہے، جس پر جج نے عثمان ریاض گل سے استفسار کیا کہ آپ نے بھی تو دلائل دینے ہیں، اپنے فائنل کرلیں۔عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ میں اپنے دلائل کے لیے 10 سے 15 منٹ لوں گا۔

ضرورپڑھیں:کاز لسٹ منسوخ ،ججز کےخلاف سوشل میڈیا مہم کیس کی سماعت نہیں ہوسکے گی

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ ایک بجے تک رضوان عباسی عدالت کے سامنے ہر حال میں اپنے دلائل دیں، ایک بجے تک ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل لازمی دیں۔عدالت نے آج عدت نکاح میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ دینے کا عندیہ دے دیا۔بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ کردیا۔

عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت وقفے کے بعد  شروع  ہوئی تو وکلاء نے دلائل دئیے،پی ٹی آئی وکلاء عثمان گِل، شعیب شاہین، ظہیرعباس، نیاز اللہ نیازی عدالت پیش ہوئے،پراسیکیوٹر عدنان علی سیشن عدالت پیش ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر،شاندانہ گلزار عدالت موجودرہیں۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ،کیس کا فیصلہ 29 مئی کو سنایاجائے گا۔ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے ۔عدالت نے معاون وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مستردکردی۔

واضح رہے کہ 9 اپریل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی تھی جبکہ جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر وکیل شکایت کنندہ رضوان عباسی آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو فیصلہ سنا دوں گا۔

مزیدخبریں