تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی

May 23, 2024 | 18:57:PM

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے، تاہم با لائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان ، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ (کل) جمعہ کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم شدید گرم رہے گا، اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، تاہم مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: استاد کا لاٹھیوں سے تشدد، بچہ ہسپتال منتقل، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدیدگرم رہے گا، دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ،کرک، باجوڑ، خیبر اور کرم میں چند مقامات پرتیز ہوائیں، آندھی ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے تاہم خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور گردو نواح میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدیدگرم ر ہے گا، دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدیدگرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، بالائی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

رواں ہفتے ملک کےبیشتر علاقے شدید گرمی کی لہرکی لپیٹ میں رہیں گے ۔

آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت : دادو ،موہنجو داڑو ، جیکب آباد50، روہڑی ، خیرپور 49،سبی،لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن،چھور،مٹھی ،رحیم یار خان 48،خان پور ،کوٹ ادو،بھکر ،نور پور تھل،ڈی جی خان اور حیدر آباد میں 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں