کورونا کا وار،کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Nov 23, 2020 | 10:21:AM

  (24نیوز)کورونا کیسز کی شرح بڑھنے پر حیدر آباد کے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا۔


تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے 6 یوسیز کے 17 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اسمارٹ لاک ڈاؤن 5 دسمبر تک 13 دن کے لیے نافذ ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلقہ سٹی کے علاقوں بلدیہ کالونی، مبارک کالونی، صحافی کالونی جب کہ تعلقہ لطیف آباد کے علاقوں دامن کوہسار، یونٹ نمبر 6، ائیر پورٹ روڈ اور قاسم آباد کے علاقوں نسیم نگر، سٹیزن کالونی، وادھو واہ روڈ، بھٹائی ٹاؤن، گلستان سجاد و دیگر علاقوں میں آج صبح 9 بجے سے 5 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حامل علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران انتظامیہ سے تعاون کریں اور بوقت ضرورت گھروں سے باہر نکلیں، اس دوران ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ تمام ایس او پیز پر عملدر آمد کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جا سکے۔اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران علاقوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اعلامیے کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات کے حامل اسپتال دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کو استشنی حاصل ہو گا۔

مزیدخبریں