اپوزیشن کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں,عثمان بزدار 

Nov 23, 2020 | 10:39:AM

(24نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، پی ڈی ایم صرف سازشوں میں مصروف ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں، یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کی خرابیوں کو درست کیا ہے، آج ملک درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں، موجودہ نازک حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے، اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں، عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان جرأت اور دانش سے عوام کی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں، اپوزیشن سن لے لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔

مزیدخبریں