بس بہت ہوگئی لڑائی،اب شکست تسلیم کرلو۔۔ اہم ساتھی کا ٹرمپ کو مشورہ۔۔

Nov 23, 2020 | 11:45:AM

(24نیوز)برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے اہم ساتھی اور نیو جرسی کے سابق گورنر کرس کرسٹی نے ٹرمپ کو الیکشن میں شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دیا اور امریکی صدر کی قانونی ٹیم کو قومی سطح پرشرمندگی کا باعث قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں کرس کرسٹی کا کہنا ہے کہ صدر کی قانونی ٹیم کا طریقہ کار قومی سطح پر شرمندگی کا باعث رہا ہے. ٹرمپ کی ٹیم نے کئی مرتبہ عدالت کے باہر انتخابات کو فراڈ قرار دیا لیکن عدالت کے اندر انہوں نے فراڈ کی کوئی درخواست دائر کی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی دلائل دیے۔انہوں نےکہا کہ میں امریکی صدر کا بڑا حمایتی رہا ہوں اور انہیں دو مرتبہ ووٹ بھی دیا لیکن اب الیکشن نتیجہ خیز ہوچکے ہیں۔

برطانوی میڈیا کےمطابق کرس کرسٹی پہلے گورنر تھے جنہوں نے ٹرمپ کو 2016 میں بطور صدارتی امیدوار تسلیم کیا جب کہ اس بار صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن سے مباحثوں کے لیے انہوں نے ٹرمپ کی مدد کی۔

واضح رہے کہ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن 302 الیکٹورل ووٹوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کرچکے ہیں جب کہ ٹرمپ نے 232 ووٹوں حاصل کیے لیکن امریکی صدر اب بھی بضد ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں