(24نیوز)مصری پولیس نے لاکھوں پونڈ مالیت منشیات کی بڑی کھیپ پکڑ کر سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، بندرگاہ پر کھڑے جہاز کی تلاشی پر 6 ٹن چرس برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مصر میں چرس سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی۔ اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی نے6 ٹن چرس ضبط کر کے سمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔مصری ذرائع ابلاغ نے مصدقہ حوالے سے خبر دی ہے کہ مصر کے ساحلی شہر دمیاط کی بندرگاہ پرلنگر انداز جہاز کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں چرس برآمد ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز مختلف ممالک سے ہوتا ہوا دمیاط پہنچا تھا جہاں اس کی تلاشی لی گئی تو لکڑی کے بلاکس میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی چرس برآمد ہوئی۔
دوسری جانب مصری ذرائع کا کہنا تھا کہ جہاز جس پر چرس سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی شام سے دمیاط کی بندرگاہ پر پہنچا تھاجہاں سے اسے سوڈان کی جانب روانہ ہونا تھا۔
چرس کی مالیت 480 ملین مصری پونڈ بتائی جاتی ہے، مصری پولیس نے سمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔