ایران ،غیر قانونی پابندیوں کے باوجود مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں

Nov 23, 2020 | 15:04:PM
ایران ،غیر قانونی پابندیوں کے باوجود مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کے عائد کیے جانے کے باوجود ہم نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، کیونکہ ہم بہتر مستقبل چاہتے ہیں اور اچھے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں ،لیکن اس بارے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہو گا۔اس خواہش کے پیش نظر وہ امریکی صدر جوبائیڈن سے مذاکرات کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے امریکہ بارے بات کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں کہا ،کہ امریکا کے ساتھ مستقبل میں تعلقات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ،تاہم ایران نے امریکی ناانصافیوں کے باوجود مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے ہیں۔ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا ،کہ ایران کیخلاف امریکا کے جرائم کی فہرست طویل ہے ،لیکن اب ماضی بھلا کر ایک روشن مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیئے۔

 ذرائع کے مطابق ،اسی تناظر میں  صدر حسن روحانی نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن سے مذاکرات کے آغاز کا عندیہ بھی دے چکے ہیں۔امریکی صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدوار جو بائیڈن بھی ایران کے ساتھ مذاکرات کا امکان ظاہر کرچکے ہیں اور وہ عالمی جوہری معاہدے سے امریکا کی یکطرفہ علیحدگی کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بھی ناقد رہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں، جس میں اضافہ عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد ہوا تھا۔