خیر سگالی کے طور پر تحریک طالبان کے 100قیدی رہا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ، حکومت نے یہ فیصلہ تحریک طالبان کے مطالبے نہیں خیر سگالی کے طور پر کیا۔
تفصیلات کے مطابق سکیورٹی حکام نےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے تحریک طالبان کے 100سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہےجن میں اکثریت کا تعلق انٹرمنٹ سینٹرز سے ہے، رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے اور انھیں 6ماہ کی اصلاحی عمل کی تکمیل سے پہلے رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والے دیگر قیدیوں میں پیدل سپاہی شامل ہیں۔
ایک اعلیٰ سیکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی،حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ تحریک طالبان ( جن کے ساتھ حکومت کے مذاکرات جاری ہیں ) کے مطالبے پر نہیں کیا بلکہ طالبان کی جانب سے یکم نومبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کیلیے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک کے سربراہ سعد حسین رضوی رہا ۔ مسجد رحمت اللعالمین پہنچنے پر پر تپاک استقبال۔پھول نچھاور
واضح رہے کہ افغانستان میں اگست کے مہینے میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان نے تحریک طالبان افغانستان کے کہنے پر تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا۔ جس میں افغان طالبان نے پاکستانی طالبان کے مستقبل میں امن میں رہنے اور آئین پاکستان تسلیم کرنے کی ضمانت دی ہے، جس کے بعد تحریک طالبان سے مذاکرات جاری ہیں، یکم نومبر کو تحریک طالبان نے سیز فائر کا اعلان کیا جس پر بدستور عمل جاری ہے۔
اعلیٰ سیکورٹی حکام کے مطابق تحریک طالبان کے مختلف دھڑوں سے بیک وقت مذاکرات جاری ہیں تاہم یہ مذاکرات ، مذاکرات کاروں کے ذریعے ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کیخلاف ریفرنس واپس لینے کیلئے درخواست لکھ دی