بڑی خبر۔۔پاک بھارت سرحدیں کھل گئیں۔۔شہریوں کی آمد و رفت پھر شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت اور پاکستان کے درمیان شہریوں کی آمد و رفت کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے۔پاکستان کے 60 عقیدت مندوں نے پیر کے روز دوپہر کے وقت دارالحکومت دہلی کی مشہور ومعروف درگاہ حضرت نظام الدین پر زیارت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کرتارپور راہداری کو دوبارہ کھولنے کے اعلان کے ساتھ ہی بھارت نے پاکستان کے عقیدت مندوں کو اپنے ملک آنے کی اجازت دی تھی۔
بھارت کے نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق کورونا بحران کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان عقیدتمندوں کے آنے جانے پر پابندی تھی۔ اب 1974 کے دو طرفہ معاہدے کے تحت عقیدت مندوں کی آمدورفت پھر شروع ہوگئی ہے۔ حضرت نظام الدین اولیا کے 718 ویں عرس کے موقع پر پاکستانی عقیدت مند 18 نومبر سے 25 نومبر تک ہندوستان کے دورے پر ہیں۔درگاہ حضرت نظام الدین پر زیارت کرنے آئے پاکستانی محمد ارشد نے بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور سے پہلی بار بھارت آئے ہیں، انہیں یہاں آ کر بہت اچھا لگا اور سفر کے دوران انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ ایک اور عقیدت مند نے کہا کہ انہیں بھارت میں بہت پیار ملا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بچپن کی خواہش تھی کہ وہ نظام الدین درگاہ آکر حاضری دیں، جو اب پوری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دعا کی کہ دونوں ممالک کے د رمیان کشیدگی کم ہو، رشتے اچھے ہوں اور عقیدتمندوں کا آنا جانا برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی آسان ہونی چاہئے، تاکہ عقیدتمند آسانی سے سفر کرسکیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی عقیدتمندوں کے ساتھ درگاہ پر آئے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر آفتاب حسن نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرس کے موقع پر پاکستان سے 60 عقیدت مند آئے ہیں، کووڈ کے سبب کچھ وقت کیلئے آمدورفت بند رہی، لیکن اب دوبارہ شروعات ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ1974 کے پروٹوکول کے تحت عقیدتمند آ جا رہے تھے۔ آفتاب حسن نے کہا کہ امید ہے کہ عقیدتمندوں کا آنا جانا مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور یہ بھارت اور پاکستان دوطرفہ تعلقات کے لئے خوش آئند اشارے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود ایک بار پھر مذہبی ڈپلومیسی مضبوط ہو رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے مودی حکومت نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتار پور بارڈر کو ایک بار پھر سے عقیدت مندوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ واہگہ اور اٹاری سرحد سے تقریباً ڈھائی ہزار سکھ عقیدتمندوں کا جتھہ پاکستانی دورے پر گیا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ 1974 کے معاہدے کے سبب بھارت اور پاکستان کے عقیدتمند ایک دوسرے ملک جاکر مذہبی مقامات کا دورہ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:استغفراللہ۔۔ بس میں آگ لگنے سے45 افراد ہلاک