مداح میراڈونا کی قبر سے کیا نکالنا چاہتے تھے۔؟۔ حیران کن انکشافات سامنے آ گئے

Nov 23, 2021 | 18:36:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)ارجنٹائن کے ڈاکٹر اور صحافی نیلسن کاسترو نے سابق مشہور آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی صحت سے متعلق حیران کن معلومات اور حقائق کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض انتہا پسند مداح میراڈونا  کی قبر کے اندر سے ان کا دل نکال لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ 

العریبہ ٹی وی چینل کی ویب رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نیلسن کاسترو نے "میراڈونا کی صحت.. حقیقی کہانی" کے نام سے ایک کتاب شائع کی ہے۔ میراڈونا 25 نومبر 2020 کو 60 برس کی عمر میں بیونس آئرس میں انتقال کر گئے تھے۔ مذکورہ ڈاکٹر نے اپنی کتاب کے حوالے سے ایک ٹی وی انٹرویو میں بتایا کہ "بعض انتہا پسند مداح میراڈونا کی قبر کے اندر سے ان کا دل نکال لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ ڈاکٹروں نے تدفین سے قبل میراڈونا کا دل نکال لیا تھا کیونکہ یہ انکے انتقال کی صورت حال کی تحقیق کے واسطے بہت اہم تھا۔ڈاکٹر کاسترو نے یہ خفیہ معلومات میراڈونا کے طبی ریکارڈ سے حاصل کیں۔ انہوں نے اُن گواہان کی باتیں سنیں جنہوں نے اب تک اعلانیہ بات چیت نہیں کی۔ کاسترو نے مزید بتایا کہ "میراڈونا کو دل کے بغیر دفن کیا گیا ! ان کے دل کا وزن 500 گرام تھا۔ عام طور سے انسانی دل کا وزن 300 گرام ہوتا ہے۔ تاہم میراڈونا کے دل کا حجم بہت بڑا تھا"۔کاسترو کے مطابق میراڈونا خوف ناک حد تک ہر نقصان دہ چیز کی لت میں پڑے تھے۔ ان کی جگہ کوئی اور شخص ہوتا تو اس وجہ سے بہت پہلے فوت ہو چکا ہوتا تاہم میراڈونا کا جسم مزاحمت اور مدافعت کی خصوصی صلاحیت رکھتا تھا۔ بدقسمتی سے میراڈونا نے مؤثر علاج کے حصول کی کوشش نہیں کی۔دوسری جانب میراڈونا کے وکیل میٹاس مورلا یہ سمجھتے ہیں کہ خراب طبی نگہداشت ممکنہ طور پر اس عظیم کھلاڑی کی موت کا سبب بنی۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن کی عدلیہ میراڈونا کی وفات کے سلسلے میں 7 افراد کے ساتھ تحقیقات کر رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ آیا انہوں نے میراڈونا کی زندگی بچانے کے لئے انہیں مطلوبہ نگہداشت فراہم کی تھی یا نہیں۔ اس نوعیت کے مقدمات میں 8 سے 25 برس کی جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی خبر۔۔پاک بھارت سرحدیں کھل گئیں۔۔شہریوں کی آمد و رفت کا سلسلہ پھر شروع

 

 

مزیدخبریں