(24 نیوز)وزیراعظم ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں پارٹی سربراہان اور رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کی بھرپور حمایت کردی اور پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کے فیصلے کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی و پارلیمانی جماعتوں کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا ، جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین ، جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی ، ڈاکٹر خالد مگسی ،اسلم بھوتانی، محسن داوڑ، آفتاب شیرپاﺅ، شازین بگٹی، اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، خرم دستگیر، قمر زمان کائرہ اوردیگر رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ وزیر اعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے۔وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میاں صاحب، ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ اللہ تعالی نے آپ کو عزت اور منصب سے نوازا ہے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ آپ کا آئینی حق ہے اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جے یو آئی کے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے، جے یو آئی آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کی تائید کرتی ہے۔
ڈاکٹر خالد مگسی نے کہاکہ آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں،خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔
اسلم بھوتانی نے کہاکہ آئین کے تحت فیصلہ آپ کو کرنا ہے، ہم آپ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں، محسن داوڑ نے کہاکہ اہم تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
آفتاب شیرپاﺅ نے کہاکہ اختیار آپ کا ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
شازین بگٹی کاکہناتھا کہ دستور نے آپ کو ذمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے
اجلاس کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کا اجلاس ون پوائنٹ ایجنڈا تھا ،اہم عہدوں پر ہونیوالی تقرریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ان کاکہناتھا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں ،آصف زرداری نے بھی مکمل یقین دہانی کروائی ہے ۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ وزیراعظم نے مشاورت کرکے نئی روایت قائم کی ہے ،وزیراعظم کو یہ حق حاصل ہم ان کے ساتھ ہیں،ون پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ عسکری تقرریوں بارے مشاورت کرنی تھی ،وزیراعظم کو آئینی طور پر اختیار تھا وہ اپنا فیصلہ کرتے مگر انہوں نے مشاورت کرکے اچھا فیصلہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی یہی کہا کہ آپ کو مکمل اختیار ہے ،تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کو اختیار دیدیا ہے اور کہا ہے وہ فیصلہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع میں دہشتگردی کاخطرہ ہے، وزارت داخلہ کا اسد عمر کو مراسلہ