(24نیوز) امریکی سفیر نے بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی اورامریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے صوبہ کے لوگوں کے ساتھ وسیع شراکت داری کو اجاگر کیا ۔انہوں نے سیلاب کے بعد ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے کام میں مصروف مقامی شراکت داروں سے ملاقات کی۔
امریکی سفیر نے بلوچستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں ،مقامی غیرسرکاری تنظیموں کے رہنماؤں اور افغان پناہ گزینوں سے بھی ملاقات کی۔ ڈونلڈ بلَوم بلوچستان کے شہر کویٹہ بھی پہنچے ،کوئٹہ میں سفیر بلَوم نے عوامی شجر کاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔
امریکی سفیرڈونلڈ بلَوم کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے سیلاب سے متاثر ضرورتمند افراد کو 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد فراہم کی ہے۔ اندازہ ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا ۔
واضح رہے امریکی سفیر نے ساڑھے تین لاکھ ڈالر کی بنیادی سرمایہ کاری سے خواتین کے کاروباری سکیم کا افتتاح کیا۔