(24 نیوز) نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ افغان طالبان پاکستانی صحافیوں کو ویزے دینے کیلئے تیار نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پاکستان کے نامور صحافی سلیم صافی نے لکھا کہ ’’تصویر کا دوسرا رخ: ایک پاکستانی صحافی مہاجرین کے ایشو پر اپنے ادارے کے لئے سٹوری کرنے کی غرض سے افغانستان جانا چاہتا ہے، ایک ہفتے سے وہ طالبان کے سفیر شکیب صاحب کی منت کررہا ہے، طالبان کے وکیل اور قریب سمجھے جانے والے رہنما نے ان کی سفارش بھی کی لیکن طالبان (نہ کہ افغانستان) کے سفیر انہیں ویزہ نہیں دے رہے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا مونس الہی کو منہ توڑ جواب
سلیم صافی نے مزید لکھا کہ ’’دوسری طرف ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے ملک کے غیرقانونی طور پر مقیم شہریوں کو بھی پاکستان نہ نکالا جائے، طالبان کے وکیل سپیریم کورٹ میں اس رخ کو بھی مدنظر رکھیں‘‘۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے لکھا کہ ’’افغان طالبان کی حکومت ایک طرف پاکستان سے غیرقانونی طور پر مقیم افغانی شہریوں کو واپس نہ بھیجنے کا مطالبہ کر رہی ہے اور دوسری طرف قانونی طور پر افغانستان جانے کے لئے پاکستانی صحافی کو ویزا دینے کے لئے تیار نہیں، کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟‘‘۔