(ویب ڈیسک) آسٹریلیا سے ورلڈکپ فائنل ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور اب خبر آ رہی ہے کہ ہیڈ کوچ ’ راہول ڈریوڈ‘ نے بھی انڈین کرکٹ ٹیم سے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق احمد آباد کے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کا فائنل میچ بھارتی ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ کا آخری میچ ہو گا ،انہوں نے اپنے کنٹریکٹ میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ،بھارتی ویب سائٹ نے بی سی سی آئی ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ راہول ڈریوڈ کا کنٹریکٹ ورلڈکپ کے اختتام پر بھارتی ٹیم کے ساتھ ختم ہو رہاہے اور انہوں نے اس میں مزید توسیع نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے اپنے فیصلے سے بورڈ کو آگاہ بھی کر دیا ہے ۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم کےنئے ہیڈ کوچ ممکنہ طور پر ’ وی وی ایس لکشمن ‘(VVS laxman) ہوں گے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز بدھ سے شروع ہونے جارہی ہے ۔وی وی ایس لکشمن اس وقت بنگلورو میں بھارت کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بطور سربراہ فرائض انجام دے رہے ہیں ، بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں وہ عبوری ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے ۔
وی وی ایس لکشمن نے ہیڈ کوچ کے عہدے میں دلچسپی دکھائی ہے اور وہ ورلڈکپ کے دوران ہی احمد آباد بی سی سی آئی عہدیداروں سے ملاقات کیلئے بھی اس ضمن میں آئے تھے ،امکان ہے کہ وہ لمبے عرصہ کیلئے بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔