روس پاکستان کا اہم شراکت دار ہے اور یہ روابط خطے کیلئے مفید ہیں، نگران وزیراعظم

Nov 23, 2023 | 18:26:PM

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ روس خطے اور بین الاقوامی سطح پر اہم ملک اور پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان روابط اور توانائی تعاون کو فروغ دینے سے ہمارے عوام کے ساتھ ساتھ خطے کو بھی فائدہ ہوگا۔

آج وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گانچ نے الوداعی ملاقات کی۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے روسی سفیر کے گرانقدر تعاون کو سراہا۔ انہوں نے روسی سفیر کو ان کی آئندہ ذمہ داری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے دوست رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: بی آر آئی فورم سے پاک چین تعلقات کو نئی سمت ملی، وزیرتجارت گوہر اعجاز

دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ روس، خطے اور بین الاقوامی سطح پر ایک اہم ملک اور پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے مسلسل فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط اور توانائی تعاون کو فروغ دینے کے کلیدی شعبے ہیں جس سے ہمارے لوگوں کے ساتھ ساتھ خطے کو بھی فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں