مرد و خواتین میں برداشت کا فقدان شادیاں ٹوٹنے کی بڑی وجہ ہے،حناخواجہ بیات
جسمانی تشدد ایک طرف خواتین کوطعنے دے دے کرہی اپنی نظروں میں گرادیا جاتا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب مرد و خواتین میں برداشت کم ہونے کی وجہ سے زیادہ طلاقیں ہو رہی ہیں،تاہم خواتین کا مالی طور پر مستحکم ہونا بھی ایک سبب ہے۔
حنا خواجہ بیات نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں معاشرے میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سینئراداکارہ کااس موقع پر کہنا تھا کہ ماضی میں خواتین حد سے زیادہ باتیں برداشت کرتی تھیں جو غلط تھا،انہیں اتنا زیادہ برداشت نہیں کرنا چاہیے تھا،ماضی میں خواتین کو کسی چیز کا کوئی احساس نہیں تھا،لیکن اب انہیں معلوم ہوچکا ہےکہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا برداشت نہیں کرنا۔
حنا خواجہ بیات نے کہاکہ ماضی میں صرف عورتیں ہی برداشت کرتی تھیں لیکن اب دونوں طرف برداشت ختم ہو چکی ہے،میں ذاتی طور پر سمجھتی ہوں کہ مرد اور خواتین میں برداشت کے فقدان کی وجہ سے شادیاں جلد ٹوٹ رہی ہیں، دوسرا سبب خواتین کا معاشی طور پر خود مختار ہونا بھی ہے کیونکہ اب خواتین سمجھتی ہیں کہ ان کے پاس وسائل آگئے ہیں، ان کے پاس پیسے ہیں تو وہ چیزیں برداشت نہیں کرتیں لیکن ماضی میں خواتین میں بہت زیادہ برداشت تھی جو اتنی زیادہ نہیں ہونی چاہیے تھی۔
حناخواجہ بیات نے کہاکہ یہ کہنا غلط ہے کہ طلاقوں کی بڑھتی ہوئی شرح میں سوشل میڈیا کا ہاتھ ہے،ہر رشتے اور تعلق میں برداشت لازمی ہوتی ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات ملازمت کی جگہ پر بھی کسی کی دوسرے ساتھی کے ساتھ نہیں بنتی، اس وقت اسے برداشت کرنا پڑتا ہے، اسی طرح شادی کے رشتے میں بھی کچھ چیزوں کو برداشت کیا جانا چاہیے۔
سینئراداکارہ نے واضح کیا کہ برداشت کی ایک حد ہوتی ہے، ہر کوئی اپنی حدود بنا لے کہ یہاں تک چیزیں برداشت کی جا سکتی ہیں اس کے بعد چیزوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حناخواجہ بیات کے مطابق جسمانی تشدد ایک طرف خواتین پر جذباتی تشدد کرنا زیادہ خطرناک ہوتا ہے، اسے طعنے دے دے کر اپنی ہی نظروں میں گرایا جاتا ہے، جس کے بعد وہ کچھ کر ہی نہیں سکتی، اس لیے ایسی چیزیں نہیں ہونی چاہئیں۔