مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کا حکم پورے سال کیلئے کردینا چاہیے، لاہور ہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کا حکم پورے سال کیلئے کردینا چاہیے۔
دورانِ سماعت جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کے سموگ کیخلاف اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام کام اگلی نسل پر احسان ہوگا، پنجاب حکومت کے اقدامات واقعی تعریف کے قابل ہیں، سموگ کم ہونے کا سارا کریڈٹ موسم کی تبدیلی کو دیا جا رہا ہے، لیکن حکومت اور تمام وہ ادارے جو سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ان کو بھی کریڈٹ جاتا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے عدالت کو بتایا کہ غیر قانونی پلانٹس کیخلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں،گوجرانوالہ میں چند دنوں میں 19 غیر قانونی پلانٹس مسمار کردیئے گئے ہیں۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہ زبردست ہے آپ نے ٹریبونل کی پروا نہیں کرنی، آپ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں، یہ اس عدالت کی ہدایت ہے، فصلوں کی باقیات جس ضلع میں ہوں، وہاں کے ڈی سی کو ٹرانسفر کریں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ باقیات جلانے والوں کو فوری گرفتار کر رہے ہیں، کسی کو کوئی رعایت نہیں دے رہے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ ماحولیات کی سٹڈی کرنے والے اور ماحول کو صاف کرنے کیلئے اچھے آئیڈیاز دینے والے طالب علموں کیلئے پیکیج لا رہے ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ کلچرل چینج کی ضرورت ہے، رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کا آرڈر پورے سال کیلئے کردینا چاہیے۔عدالتی احکامات نہ ماننے والے سکولوں کو سیل کر دوں گا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید کارروائی جمعہ تک ملتوی کردی اور تمام متعلقہ محکموں سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔