سعودی عالم نے غیر مسلم ممالک کی شہریت حرام قرار دے دی، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

Nov 23, 2024 | 21:18:PM

(24 نیوز) سعودی عالم نے غیر مسلم ممالک کی شہریت کو حرام قرار دے دیا جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔

 شیخ عاصم الحکیم کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسلمان کے لیے اپنے مسلم ملک کو چھوڑ کر غیر مسلم ملک کی شہریت حاصل کرنا حرام ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سوال کے جواب میں شیخ عاصم الحکیم نے لکھا کہ اگر کوئی مسلم کسی مسلم ملک کا باشندہ ہے تو اُس کے لیے غیر مسلم ملک کی شہریت اختیار کرنا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔

 شیخ عاصم کے اس فتوے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔بہت سے مسلم صارفین نے سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے مسلم ملک میں انتہائی نامساعد حالات کا سامنا کر رہا ہو اور باعزت و پُرسکون زندگی بسر کرنا اُس کے ممکن نہ رہا ہو تو وہ کس طور اپنے ملک سے نکل کر کہیں بسے گا اور کیا یہ فتوٰی وہاں بھی اطلاق پذیر ہوگا۔

بہت سے لوگوں نے یہ بات بھی لکھی ہے کہ عرب ممالک میں جو مسلم افراد برسوں بلکہ دہائیوں تک محنت کرتے ہیں اُنہیں شہریت نہیں دی جاتی۔ ایسے میں پس ماندہ مسلم ممالک کے مسلم باشندوں کے لیے کہیں اور آباد ہونے کے حوالے سے کیا آپشن رہ جتا ہے؟، ایک شخص نے لکھا کہ میں 42 سال سے ایک عرب ملک میں مقیم ہوں مگر مجھے اب تک شہریت نہیں دی گئی۔ اس سے قبل شیخ عاصم الحکیم یوٹیوب کے ذریعے ہونے والی کمائی کو بھی حرام قرار دے چکے ہیں

مزیدخبریں