کرم واقعہ افسوسناک،قابل مذمت ہے،تنازع کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں:وزیراعلیٰ گنڈاپور

Nov 23, 2024 | 21:48:PM
کرم واقعہ افسوسناک،قابل مذمت ہے،تنازع کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں:وزیراعلیٰ گنڈاپور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ  کرم کے تنازع کے پر امن اور پائیدار حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے،صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں،گزشتہ روز کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس ہوا،اجلاس میں ضلع کرم کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا،آج ضلع کرم کا دورہ کرنے والی حکومتی وفد  نے وزیر اعلی کو ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

حکومتی وفد نے آج پاراچنار میں اہل تشیع کے عمائدین سے ملاقات کی اور تنازعے کے حل کے لئے ان سے تجاویز لی،حکومتی وفد نے ان تجاویز اور مطالبات سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا جبکہ وفد کل صدہ میں اہل سنت کے عمائدین سے بھی ملاقات کرکے ان تجاویز لے گا۔

 علی امین گنڈاپور  نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کرم کے تنازع کے پر امن اور پائیدار حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ کرم کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں،گزشتہ روز کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،کوشش ہے کہ اس طرح کے اندوہناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہو۔ 

وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت علاقہ عمائدین کی مشاورت اور تجاوز کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل طے کرے گی،فریقین کے جو بھی جائز مطالبات ہونگے وہ ضرور پورے کئے جائیں گے ،حکومتی وفد فریقین اور علاقہ عمائدین کے ساتھ بیٹھ کر حتمی تجاویز پیش کرے، تنازع کے حل کی طرف جانے کے لئے علاقے میں سیز فائر ناگزیر ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا؛ گورنر پنجاب 

 علی امین گنڈاپور  کا کہنا تھاکہ فریقین سے اپیل ہے کہ سیز فائر کریں تاکہ تنازعے کے حل کی طرف پیشرفت ہوسکے،علاقہ عمائدین اور مشران اس سلسلے میں حکومتی وفد اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں،علاقے میں امن کا قیام اس وقت صوبائی حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہے، اس مقصد کے لئے تمام دستیاب آپشنز بروئے کار لائے جائیں گے۔ 

گنڈاپور نے مزید کہا کہ مذاکرات تمام مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہے، ہم پشتون روایات کے مطابق جرگے کے ذریعے مسلے کا پر امن حل نکالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج، مری روڈ باڑیاں کے مقام سے مکمل بند، انتظامیہ نے گھڑے کھود ڈالے