(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کا ہائپر سونک میزائل کا تجربہ ناکام ہوگیا،جس کا اعتراف کرتے ہوئے پینٹاگون نے ٹیسٹ کی ناکامی کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بڑی طاقتوں میں میزائل ٹیکنالوجی میں برتری کی جنگ میں سپر طاقت امریکاا کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب اس کا ہائپر سونک میزائل کا تجربہ ناکام ہوگیاجبکہ اس سے قبل چین اور روس ہائپر سونک ٹیکنالوجی کے کامیاب تجربات کرچکے ہیں۔
پنیٹاگون نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں بتایا کہ میزائل کو لے جانے والا راکٹ صحیح کام نہ کرسکا۔خیال رہے کہ ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا تیزہوتے ہیں جو ایٹمی مواد لیکرفضا میں نچلی سطح پرسفر کرتے ہیں اور دفاعی نظام سے بچنے کے لئے راستہ تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتےہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی خبریں شائع ہوئی تھیں کہ چین نے جوہری ہتھیاروں سے لیس ایک ہائپرسونک گلائڈ گاڑی کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہےاگست میں چین کی جانب سے کیے جانے والے اس تجربے میں جوہری صلاحیت کے حامل راکٹ کو لانچ کیا گیا جس نے تقریباً کرہ ارض کا چکر لگایا۔
فنانشل ٹائمز نے گزشتہ ہفتے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ مذکورہ راکٹ خلا میں پرواز کے دوران پورے گلوب کا چکر لگا کر نیچے گرا تاہم چین کی وزارت دفاع نے اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔امریکا اور اس کے اتحادی بھی ہائپرسونک ہتھیار بنانے کی اپنی رفتار تیز تر کر رہے ہیں تاکہ چین اور روس جیسے ممکنہ مخالفین سے مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: نور مقدم کی سالگرہ پر دلخراش پوسٹ۔ویڈیو وائرل