(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے قبل وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریڈ زون میں ہتھیار لے جانے کے حوالے سے معیاری آپریٹنگ طریق کار متعین کر دیا گیا، کسی بھی ایونٹ یا امن و امان کی صورتحال کے دوران ریڈ زون کو “ویپن فری زون” قرار دیا جائے گا، ہمیشہ کی طرح امن و امان کی صورت حال کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس ہتھیار نہیں لے کر جائے گی، پولیس اعلامیے کے مطابق صرف مجاز افسروں کو ہتھیار لے جانے کی اجازت ہوگی۔
مجاز افسروں میں آئی سی ٹی پولیس کے اہلکار شامل ہوں گے جو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی پر ہیں جن میں سینئر پولیس افسران، معزز ججز، وی وی آئی پیز یا وی آئی پیز شامل ہیں۔
مجاز پولیس افسران کو ایسی ڈیوٹی پر بھیجنے سے پہلے اچھی طرح سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ایسے افسروں کے نفسیاتی اور طبی ٹیسٹ باقاعدگی سے کرائے جائیں اور کسی بھی تضاد کی صورت میں ایسے افسر کو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی انجام دینے کی اجازت نہ دی جائے۔