وزیراعلیٰ پنجاب کی پاکپتن آمد، دربار بابا فریدؒ پر حاضری، شہر میں کرفیو کا سماں

Oct 23, 2022 | 18:16:PM

(24 نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی نجی دورہ پر پاکپتن آمد،دربار بابافریدؒ پر حاضری کی سعادت حاصل کی، آمد سے قبل شہر بھر میں کرفیو کا سماں رہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نجی دورہ پر پاکپتن پہنچے ،وزیر اعلیٰ کی دربار بابا فریدؒ آمد پر ولی عہد سجادہ نشین دیوان عثمان فرید چشتی نے استقبال کیا، پرویز الٰہی نے دربار بابا فرید حاضری دی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ کی آمد پر ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی انتظامات کی آڑ میں سینکڑوں کاروباری مراکز وزیراعلیٰ کی آمد سے 7 گھنٹے پہلے ہی زبردستی بند کروادیئے ،شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر عارضی رکاوٹیں لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، دور دراز سے درگاہ بابا فرید آئے زائرین حاضری کی سعادت سے محروم رہے۔


سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مزار شریف پرزائرین کا داخلہ مکمل بند رکھا گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوریج کرتے صحافیو ں سے پولیس کا نازیبا رویہ صحافیوں پر تشدد اور دھکے دینے پر صحافیوں نے دربار کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، پولیس گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافیوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی یقین دہانی پر احتجاج موخر کیا گیا۔
 وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔گنج شکر کی نگری میں آنیوالے زائرین کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دربار بابا فریدؒ سمیت شہر کی سہولیات کیلئے 20 کروڑ روپے کا خطیر فنڈ دیا جائے گا۔ چودھری پرویز الٰہی نے صحافیوں کیلئے صحافی کالونی بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو صحافی کالونی کیلئے فیزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایات دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، چینی دندان ساز کلینک پر حملے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت، حملہ آور کا ساتھی گرفتار

مزیدخبریں