معیشت کی مضبوطی کیلئےآئی ٹی کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے: اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں آئی ٹی سیکٹر اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور حکومت اس شعبے کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پرعزم ہے،آئی ٹی کے شعبہ کی سہولت اور آسانی کیلئے اقدامات کئے جائیں اور اس شعبہ کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کیلئے رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کا فنانس ڈویژن میں اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق، وزیراعظم کے معاونین شیزا فاطمہ، طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، چیئرمین ایف بی آر، چیئر مین پی ٹی اے اور دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی،اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کی کم ہوتی ہوئی برآمدات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، برآمدات بڑھانے اور اس شعبہ کو ترقی کی راہ پر لانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیرخزانہ نے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں، یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،آئی ٹی کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس شعبے کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت پرعزم ہے۔