جنگی جنون میں پاگل اسرائیل کے 2 ہفتوں سےحملے جاری،لبنان پر بھی گولہ باری

Oct 23, 2023 | 09:09:AM

(24 نیوز)اسرائیل جنگی جنون میں پاگل،وحشیانہ حملے تیز کرنے کا اعلان،لبنان پر گولے برسا دیئے ،اسرائیل کی جنوبی لبنان کے اندر پانچ کلومیٹر فاصلے پرشدید گولہ باری شروع ، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج میں فائرنگ اور راکٹوں کا تبادلہ، اسرائیل کے شام میں دمشق اور حلب کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی میزائل حملے ،2ہفتے سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد4ہزار700سے زائد ہو گئی،غزہ میں بےگھر افراد کی تعداد14 لاکھ سے تجاوز کر گئی،،31 مساجدبھی شہید ہوگئیں۔

مشرق وسطیٰ میں  6 چینی بحری جنگی جہاز تعینات

چینی وزارت دفاع نے اسرائیل فلسطین تنازعے میں کشیدگی کے حالیہ اضافے کے بعد مشرق وسطیٰ میں اپنے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کر دیے۔چین کے اخبار کا کہنا ہے کہ عمان کی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے بعد چینی ٹاسک فورس نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔ 
برطانوی میڈیا نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں چین کی جانب سے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کرنے کو  انتہائی غیر معمولی پیش رفت قرار دیتے کہا کہ تعینات کیے گئے جہازوں میں ٹائپ 052 ڈی گائیڈڈ میزائل ڈیسٹرائر زیبو،  فریگیٹ جِنگ زہو اور سپلائی شپ چِنڈاہو بھی شامل ہیں۔ جہازوں کی کمانڈ رواں ماہ کے آغاز میں 45 ویں ایسکارٹ ٹاسک فورس کے حوالے کی گئی تھی، چینی فوج کی ناردرن تھیئٹر کمانڈ میں موجود جہازوں میں ٹائپ 052 ڈیسٹرائر اورومکی، فریگیٹ لینیی اور سپلائی شپ ڈونگ پنگ ہو بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے:امریکی صدر 

ادھر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں میں تیزی کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اہم مغربی ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرلیا۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے رہنماؤں کے ساتھ اسرائیل فلسطین جنگ پر تبادلہ خیال کیا ہے، وائٹ ہاؤس کی جانب سے بات چیت کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

 امریکی صدر بائیڈن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلیوں کی حفاظت کیلئے اسرائیل کو درکار تمام ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنائیں گے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی رابطہ کیا  ہے اور اسرائیل غزہ تنازعے پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی صدر  نے  لکھا کہ اسرائیلی وزیراعظم سے جنگی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے پر  بات کی ہے اور کہا ہے کہ جنگ میں شہریوں کی جانوں کا زیادہ سے زیادہ تحفظ یقینی بنایا جائے۔ امن سے جینے کی خواہش رکھنے والے معصوم فلسطینیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے، اسی وجہ سے غزہ کے فلسطینیوں کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کا معاہدہ کیا۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے بھی رابطہ کرکے اسرائیل اور غزہ تنازعے پر گفتگو کی، وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کی ضرورت پر بھی بات کی۔

مزیدخبریں