"بلبل صحرا" کا گانا" اکھیاں نو رہن دے"بھارت نے چوری کرلیا

پاکستانی شوبزستارے برہم،ایک کلاسک گانے کےساتھ براسلوک کیا گیا،عدنان صدیقی

Oct 23, 2024 | 12:07:PM

(ویب ڈیسک)پاکستانی گانوں کابالی ووڈ میں چربہ بنانے کی روایت بہت پرانی ہے،حال ہی میں "بلبل صحرا"ریشماں کے گانے"اکھیاں نو رہن دے"کوبھارتی فلم میں چوری کیاگیاہے جس پرپاکستانی شوبزستارے اپنےغصے کااظہارکررہے ہیں۔

جس طرح صحراؤں کی سرگوشیاں اَمرہوتی ہیں، جس طرح ہواؤں کے گیت کبھی نہیں تَھمتے،جس طرح جَھرنوں کی روانی جلترنگ میں ڈَھلتی رہتی ہےاور کبھی خاموش نہیں ہوتی،اسی طرح "بلبل صحرا" ریشماں کی ہوک بھری کوک بھی ہمیشہ سُنائی دیتی رہے گی،وہ کہنے کو توایک لوک گلوکارہ تھیں لیکن انہیں سُر،لَے اور تال کی اس قدر سوجھ بوجھ تھی کہ بڑے بڑے موسیقار اور گلوکار بھی حیران رہ جاتے تھے کہ انہوں نے یہ تعلیم کہاں سے حاصل کرلی کیونکہ وہ بالکل ان پڑھ  تھیں۔

 1947 میں جنم لینے والی ریشماں کا تعلق خانہ بدوشوں کے خاندان سے تھا جو تقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہوگیا تھا، ریشماں نے فنی کیرئیر کاآغاز محض 12برس کی عمر میں ریڈیو  پاکستان سے کردیا تھاجس کے بعدہائے او ربا نئیں او لگدا دل میرا،چار دنا دا پیار او ربا،بڑی لمبی جدائی اوراکھیاں نورہن دے جیسےبے مثال  گیت گا کرشُہرت کی بلندیوں کوچھوا۔

بالی ووڈ فلم "دو پٹی" کا ٹریلرحال ہی میں منظر عام پر آیا ہے جس میں اداکارہ کاجول کے ساتھ ساتھ اداکارہ کریتی سینن ڈبل رول کرتی نظر آئی ہیں،اس فلم میں اداکارشہیر شیخ بھی اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں ،یہ فلم رواں ماہ 25 تاریخ اکتوبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جا ئے گی،اس فلم کا ایک گانا "اکھیاں نو رہن دے" وائرل ہورہا ہے جسے نامور گلوکارہ ریشماں نے گایاتھااوران کے 1975 میں ریلیزہونے والے البم میں شامل تھا۔

معروف اداکارعدنان صدیقی نے بالی ووڈ کو گاناچوری کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاہے کہ ایک کلاسک گانے کے ساتھ برا سلوک کیا گیا، گلوکارہ ریشما جی اور ان کی چھوڑے جانے والی میراث کی عزت کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکارہ ریشماں بھارت کیلئے مشہور زمانہ گانا"لمبی جدائی"بھی گا چکی ہیں جودونوں ملکوں میں کافی پسند کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں