(ویب ڈیسک) ڈرامہ سیریل "کبھی میں کبھی تم" میں رباب کے کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ نعیمہ بٹ کا کہنا ہے کہ شہرت حاصل کرنے کے بعد احساس ہو رہا ہے کہ اس کی کیا قیمت چکانی پڑتی ہے۔
اداکارہ نعیمہ بٹ نے ایک حالیہ انٹرویوکے دوران شہرت ملنے کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئےکہاکہ جہاں فینز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تووہیں لگ رہا ہے کہ میرے زیادہ تر فینز نفسیاتی ہیں جو رباب کے کردار کو لے کر پاگل ہو رہے ہیں۔
شہرت کے منفی پہلوئوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نعیمہ بٹ نے کہاکہ فینز کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے، تاہم بہت سے عجیب و غریب پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں،کئی مداح واقعی میرے کام کو پسند کرتے ہیں اوراس کی تعریف بھی کرتے ہیں لیکن بیشتر مداحوں کی تعداد مردوں کی ہے جو رباب کے کردار کو دیوانوں کی طرح پسند کرتے ہیں اور عجیب و غریب پیغامات بھیجتے ہیں جنہیں دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ شہرت کی یہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
نعیمہ بٹ نے مزید بتایا کہ میں نے پاکستان میں کم کام کیا ہے،اس سے قبل 10 سال تک امریکا میں تھیٹر سے وابستہ رہی ہوں،میرے خاندان میں زیادہ تر ڈاکٹر ہیں،میں نے خود بھی ابتدا میں ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کی تھی لیکن اداکاری کا شوق اس قدر زیادہ تھا کہ امریکا سے اسکالر شپ پر اداکاری اور تھیٹر کی تعلیم حاصل کی۔
نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں تعلقات میں رہ چکی ہوں لیکن وہ تجربہ اچھا نہیں رہا، اب سنگل ہوں اور کسی بھی رشتے کے لیے دستیاب نہیں، خوشگوار زندگی گزار رہی ہوں۔
واضح رہے اداکارہ نعیمہ بٹ اور عماد عرفانی عوام میں مقبول ہونے والے ڈرامے "کبھی میں کبھی تم" میں ایک ساتھ نظر آرہے ہیں اور دونوں ڈرامے میں منفی کردار ادا کررہے ہیں۔
وہ کچھ عرصہ قبل دعویٰ کر چکی ہیں کہ انہیں ان کے بڑے بالوں کی وجہ سے ایک بار ڈرامے میں کاسٹ نہیں کیا گیاتھا جبکہ انہیں متعدد بار بال کٹوانے کی ہدایات کی گئیں لیکن انہوں نے بال نہیں کٹوائے۔