صدر ممکت اور وفاقی وزیر داخلہ کی انقرہ میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) ترکیہ کے شہر انقرہ میں ایوی ایشن کمپنی ترکش ایئرو اسپیس کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جس پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت کا اظہار تعزیت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ترک حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
صدر مملکت نے بزدلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، انہوں نے دہشت گردی کو ایک عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی اس عفریت کا سامنا کر چکا ہے اور ایسی وحشیانہ کارروائیوں کے درد اور تکلیف کو بخوبی سمجھتا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ تمام اقوام کے لیے ایک محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کا بیان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس مذموم کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
یہ حملہ ترکیہ میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں ایک اور افسوسناک اضافہ ہے، جس نے عالمی برادری کو شدید رنجیدہ کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا پیغام
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ نے ترکیہ کی حکومت، وزیر داخلہ اور عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، پاکستان کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور علاقہ نہیں ہوتا، ہم ہمیشہ اپنے ترکیہ کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
یہ حملہ ترکیہ میں حالیہ دہشت گردی کے سلسلے کا ایک افسوسناک واقعہ ہے، جس نے عالمی برادری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
سربراہ نیٹو، روسی صدر پیوٹن اور ترکیہ کے صدر اردوان کی مذمت
روسی صدر پیوٹن نے برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر کازان میں ترک ہم منصب اردوان سے ملاقات کے دوران انقرہ میں دہشت گردانہ حملے پر اظہار تعزیت کیا، ترکیہ صدر رجب طیب اردوان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کی تنصیبات پر گھناؤنا حملہ کیا گیا، حملے میں ہمارے 4شہری جاں بحق ،14زخمی ہوگئے۔
سربراہ نیٹو مارک روٹ نے انقرہ میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے۔ اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ میں اموات اور زخمیوں کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا بیان
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیوگوتریس نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشت گردانہ حملے میں شہریوں کی اموات پر اظہار تعزیت کیا، انہوں نے ترکیہ میں شہریوں پر حملے کی مذمت کی۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیر داخلہ نے ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے صدر دفتر کے باہر دھماکے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔