پراپرٹی ٹیکس میں اضافے نہ کرنے کا فیصلہ

Sep 23, 2021 | 18:36:PM

 ( 24نیوز)صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس بڑھانے کے اپنے فیصلے کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے لاہور چیمبر کے صدر سے ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کی اور ا نہیں حکومت کے تمام کاروباری دوستانہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو کہ حکومت آئندہ چند مہینوں میں کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروباری اداروں کو COVID-19 کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لئے بہت سارے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوتے ہی پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ واپس لے لیا جائے گا۔ اسلم اقبال نے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح کی کاروباری برادری کے پراپرٹی ٹیکس کے مسئلے کو دانشمندانہ انداز میں پیش کرنے پر سراہا۔لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کاروباری برادری کے پراپرٹی ٹیکس کے مسئلے کو حل کرنے اور کاروباری برادری کے کاز کے لئے مسلسل تعاون پر میاں اسلم اقبال کا شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے صدر لاہور چیمبر کو تاجر برادری کے ساتھ حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم معیشت کے پہیے کو چلانے کے لیے نجی شعبے کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں اور موجودہ حکومت کاروباری برادری کی طرف سے دی گئی سفارشات کو سننے اور ان پر عمل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
 یہ بھی پڑھیں۔پرائز بانڈز کیش کروانے کی تاریخ میں توسیع کا امکان

مزیدخبریں