وفاقی حکومت نے 11 آئی پی پیز کو 131 ارب روپے ادا کرنے کی منظوری دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی حکومت نے 11 آئی پی پیز کو 131 ارب روپے ادا کرنے کی منظوری دے دی۔ای سی سی نے 2002 کی پالیسی کے تحت آئی پی پیز کو ادائیگیاں کرنے کی منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں 11 آئی پی پیز کو 131 ارب روپے ادا کرنے کی منظوری دیدی گئی۔نیب کیسز کے باعث نشاط چونیاں پاور پلانٹ کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دی گئی جبکہ پروگرام کی وفاقی کابینہ حتمی منظوری دیگی۔ اجلاس میں1 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کی درآمد کی بھی منظوری دے دی گئی ،چینی کی درآمد کیلئے 50 ہزار میٹرک ٹن کے تین ٹینڈر جاری کئے جائیں گے، اس کے علاوہ شوگر ملز کو گنے کی کرشنگ نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں ایک لاکھ 20 ہزار ٹن درآمدی گندم کے ٹینڈر کی منظوری دے دی گئی ۔اس کے علاوہ پاکستان آرمی کے ڈیوٹی الاؤنس اور انٹرنل سیکورٹی فنڈز مختص کرنے کی سمری منظور کی گئی، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے شیئرز پر ڈیوڈنڈ فکس کرنے کی منظوری جبکہ پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی مالی سال 2021-22 کی تنخواہوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایف سی کے ٹریننگ سنٹر مکھنی کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے لئے پاسکو سے 40ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کی منظوری دی گئی۔اس کے ساتھ جینکوز کی مالی معاونت کی سمری بھی منظور کر لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکٹ منی پر جھگڑا۔۔بیٹے کے ہاتھوں باپ کا بیددری سے قتل